یورپی یونین کو پاکستان سے برآمدات میں 50% كا اضافہ
پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد یورپی یونین کو پاکستان سے برآمدات میں چھ ارب 80 کروڑ یورو کا اضافہ دیکھا گیا ہے جو تقریباً 50 فیصد اضافہ بنتا ہے۔
یورپی یونین نے پاکستان میں بچوں کے حقوق اور موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق کی جانے والی حالیہ کوششوں کا خیر مقدم کیا ہے۔ ساتھ ہی انسانی حقوق سمیت کئی شعبوں میں قانون سازی پر عمل درآمد نہ ہونے پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔
یورپی یونین کی تجارت سے متعلق جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز (جی ایس پی) نے اپنی تیسری دو سالہ رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی یورپی یونین کو برآمدات میں تین سال سے مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
Voa نیوز کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد یورپی یونین کو پاکستان سے برآمدات میں چھ ارب 80 کروڑ یورو کا اضافہ دیکھا گیا ہے جو تقریباً 50 فیصد اضافہ بنتا ہے۔
رپورٹ میں اس بات پر اطمینان ظاہر کیا گیا ہے کہ پاکستان نے خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ، غیرت کے نام پر قتل روکنے، خواجہ سراؤں کا تحفظ یقینی بنانے، ماحولیات کے تحفظ اور بہتر طرز حکمرانی میں کافی بہتری دکھائی ہے۔
رپورٹ میں اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ نے ملٹری کورٹس میں شہریوں پر مقدمات چلانے کے قانون کو مزید توسیع نہیں دی ہے۔
پاکستان نے ماحولیات کے تحفظ سے متعلق 'پیرس معاہدے' اور 'مانٹریال پروٹوکول' کے ترمیمی قوانین پر عمل درآمد میں مثبت پیش رفت دکھائی ہے۔ اسی طرح منشیات کے خلاف جنگ میں پاکستان اقوامِ متحدہ کی تعلیم سے متعلق اقدام میں آگے آگے ہے اور پاکستان کو بھنگ تیار کرنے والے ممالک کی فہرست سے بھی نکالا جا چکا ہے۔
aXA6IDMuMTQ0LjIzMy4xNTAg ejasoft island