چین: کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مزید 2600 فوجی طبی عملہ ووہان روانہ
چینی مسلح افواج کے 2600 اضافی طبی عملہ کو صوبہ ہوبے کورونا وائرس کے مرکزی شہر ووہان کے 2 ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کی ذمہ داری دی جائے گی۔
مرکزی ملٹری کمیشن کے چیئرمین شی جن پنگ کی منظوری سے مسلح افواج کے 2600 اضافی طبی عملہ کو صوبہ ہوبے کورونا وائرس کے مرکزی شہر ووہان کے 2 ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کی ذمہ داری دی جائے گی۔
طبی ماہرین ہو شن شان عارضی ہسپتال کو بطور نمونہ استعمال کریں گے اور تھائیکانگ تھونگ جی ہسپتال اور ہوبے کے زچگی اور بچوں کی صحت کی دیکھ بھال کے ہسپتال کی ایک برانچ میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کا علاج کریں گے۔ دونوں ہسپتالوں میں بالترتیب 860 اور 700 بستروں کی گنجائش موجود ہے جن میں طبی وارڈز کے ساتھ ساتھ متعدی بیماری پر قابو پانے کا شعبہ معائنہ، خصوصی تشخیص، تابکاری تشخیص، طبی آلات، جراثیم سے پاک اشیاء، معلومات اور طبی ٹیکنالوجیز کی سہولیات بھی موجود ہیں۔
نوائے وقت کے مطابق امدادی طبی عملہ فوج بحریہ، فضائیہ، راکٹ فورس، تزویراتی معاون فورس، مشترکہ لاجسٹک فورس اور چین کی مسلح پولیس فورس کے ساتھ منسلک صحت کے اداروں سے تعلق رکھتا ہے۔ ان میں سے 1400 طبی اور پیشہ ور نرسوں پرمشتمل گروہ جمعرات کے روز ووہان پہنچ جائے گا اور فوری طور پر مریضوں کا علاج شروع کر دے گا۔ ووہان میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مسلح افواج اب تک 4 ہزار پیشہ ور طبی ماہرین کے 3 گروپس بھیج چکی ہیں۔