پاکستان میں کورونا وائرس سے 11745 افراد ہوئے متاثر

دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر اور ہلاک کرنے والے کورونا وائرس کے کیسز پاکستان میں دن بدن بڑھتے جارہے ہیں،
دنیا بھر میں لاکھوں افراد کو متاثر اور ہلاک کرنے والے کورونا وائرس کے کیسز پاکستان میں دن بدن بڑھتے جارہے ہیں، اور نئے اعداد و شمار کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 11 ہزار 745 جبکہ اموات 248 تک پہنچ چکی ہیں۔
ڈان نيوز کے مطابق 26 فروری کو پہلے کیسز کے بعد سے 25 مارچ تک ملک میں کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچی تھی، تاہم اس کے بعد سے آج 25 اپریل تک نہ صرف ساڑھے 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں، بلکہ اسی عرصے میں تقریباً 200 اموات بھی ہوئی ہیں۔
ملک میں اس مہلک وبا کو روکنے کے لیے حکومتی سطح پر پابندیاں اور جزوی لاک ڈاؤن نافذ کیے گئے ہیں، تاہم اس کے باوجود اس وائرس کا پھیلاؤ جاری ہے۔
خیال رہے کہ حکومت نے اس وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک گیر جاری جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع بھی کردی ہے۔
دوسری جانب ڈاکٹرز نے بھی مئی کے مہینے میں کورونا وائرس کے شدید خطرے سے خبردار کیا ہے اور حکومت سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اس وقت سخت لاک ڈاؤن کیا جائے، ورنہ اسے سنبھالنا مشکل ہوجائے گا۔
اگر اس وائرس سے متعلق کیسز کو دیکھیں تو آج (25 اپریل) کو بھی پاکستان میں مزید کیسز کی تصدیق کی گئی ہے۔