کرونا وائرس: ٹینس گرینڈ سلیم مقابلہ ومبلڈن کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ
ٹینس گرینڈ سلیم مقابلہ ومبلڈن اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔
ٹینس گرینڈ سلیم مقابلہ ومبلڈن اس سال کورونا وائرس کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا ہے۔ نیوز وی او اے کے مطابق اس سال یہ ٹورنامنٹ 29 جون سے 12 جولائی تک کھیلا جانا تھا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد سے یہ پہلا موقع ہے کہ ومبلڈن کو منسوخ کیا گیا ہے۔
آپ کو بتا دیں کہ گراس کورٹ پر ومبلڈن کے مقابلے ہر سال لندن میں منعقد کئے جاتے ہیں۔ اس سے پہلے مئی میں شیڈول گرینڈ سلیم فرنچ اوپن کو ستمبر تک ملتوی کردیا گیا تھا۔
لیکن قابل ذکر بات یہ ہے کہ ومبلڈن کے منتظمین نے ایونٹ کو ملتوی کرنے کے بجائے منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ومبلڈن کی انتظامیہ کے پاس اپریل کے آخر تک صورتحال دیکھ کر فیصلہ کرنے کا وقت تھا لیکن اس نے آج ہی اعلان کردیا ہے۔ ومبلڈن کے منسوخ ہونے سے منتظمین کو 20 کروڑ پاؤنڈ کا نقصان ہوگا جو انشورنس سے پورا کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ برطانیہ میں بدھ کے روز تک کورونا وائرس کے تقریبا 30 ہزار کیس سامنے آچکے ہیں جبکہ 2300 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ساڑھے پانچ سو اموات کا کسی ایک دن میں سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔
آل انگلینڈ لان ٹینس کلب کے چئیرمین ایان ہیوٹ نے کہا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا لیکن ہمیں عوام اور ٹینس سے محبت کرنے والوں کی صحت کی خاطر ایسا کرنا پڑرہا ہے۔
ٹینس کے کھلاڑیوں نے ومبلڈن کے منسوخ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شائقین کا دکھ ان سے سوا ہے جو کئی ماہ پہلے سے مہنگے ٹکٹ خرید لیتے ہیں۔ ایک دن میں 40 ہزار تماشائی میچ دیکھنے آتے ہیں۔
aXA6IDMuMTQzLjkuMTE1IA== ejasoft island