انڈین پریمئیر لیگ کو مختصر کرنے کا مطالبہ زوروں پر
انڈین پریمئیر لیگ کو مختصر کرنے اور اسے تماشائیوں کی شرکت کے بغیر کرانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کھلاڑی بھی اس حق میں ہیں کہ اسے مختصر کرکے رواں سال کے آخر میں منعقد کرایا جائے۔
انڈین پریمئیر لیگ کو مختصر کرنے اور اسے تماشائیوں کی شرکت کے بغیر کرانے کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی کھلاڑی بھی اس حق میں ہیں کہ اسے مختصر کرکے رواں سال کے آخر میں منعقد کرایا جائے۔
وائس آف امریکہ اردو کے مطابق کھلاڑیوں نے کرکٹ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ سال کے آخر میں ایک ٹی 20 انڈین پریمیئر لیگ کے انعقاد کی منصوبہ بندی کریں تاکہ طویل لاک ڈاؤن کے بعد کھیلوں سے متعلق سرگرمیاں بحال ہوسکیں، اور اس کے کھیلوں کی معشیت پر اچھے اثرات مرتب ہوسکیں۔
فرانس کی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دنیا کے مہنگے ترین کرکٹ ٹورنامنٹس میں سے ایک انڈین پریمیئر لیگ کو فی الحال 15 اپریل تک ملتوی کیا گیا ہے۔ التوا کی ایک وجہ وہاں جاری 21 روزہ لاک ڈاؤن ہے۔
تاہم بعض افراد کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس سے ہندوستان میں بڑھتی اموات کی تعداد اور بین الاقوامی پروازوں کی بندی کے سبب وہاں کم از کم تین مہینے تک کوئی کھیل کرانا ممکن نہیں ہے۔
اے ایف پی کے مطابق آئی پی ایل ہندوستانی کرکٹ بورڈ کی آمدنی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے، جس سے ہندوستانی معشیت کو سالانہ 11 بلین ڈالرز کے محصولات حاصل ہوتے ہیں۔
چین کی موبائل فون بنانے والی کمپنی ویوو نے آئی پی ایل کی اسپانسر شپ حاصل کرنے کے لئے 330 ملین ڈالر کی رقم خرچ کی ہے۔ اسے 2018 سے 2022 تک کی اسپانسرشپ کے حقوق حاصل ہیں۔ ویوو آئی پی ایل کی سب سے بڑی اسپانسر شپ کی مالک ہے۔