ہندوستان سمیت دنیا بھر میں لاک ڈاؤن میں بتدریج نرمی شروع
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سوا ارب سے زائد آبادی کے حامل ملک ہندوستان نے بھی لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی کرتے ہوئے کچھ اسٹور کو کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے سبب جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد سوا ارب سے زائد آبادی کے حامل ملک ہندوستان نے بھی لاک ڈاؤن میں کچھ نرمی کرتے ہوئے کچھ اسٹور کو کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ہندوستان میں اب تک 775افراد وائرس سے ہلاک اور 20ہزار سے زائد متاثر ہوچکے ہیں، اور اسی وجہ سے ان اسٹورز کو خصوصی ہدایات کے ساتھ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
ہندوستان میں بڑے شاپنگ مالز کھولنے کی ابھی بھی اجازت نہیں ہے لیکن چھوٹے اسٹورز کو کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے جس سے غریب و متوسط طبقے نے کچھ سکھ کا سانس لیا ہے۔
ایک آرکیٹیکٹ امیت شرما نے کہا کہ یہ ایک اچھا فیصلہ ہے، ہمیں کچھ اسٹورز کو کھولنا ہو گا، تاکہ ہماری معیشت کا پہیہ چلتا رہے، غریب لوگوں کی بھی کچھ آمدنی ہوتی رہے، کیونکہ یہ وائرس ایک طویل عرصے تک چلنے والا مسئلہ ہے۔
گزشتہ ہفتے ہندوستان نے مینوفیکچرنگ اور زراعت کے شعبوں کو کام شروع کرنے کی اجازت دے دی تھی، کیونکہ 24مارچ سے ہندوستان میں نافذ العمل لاک ڈاؤن کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہو گئے ہیں، اور اس لاک ڈاؤن کے دوران لوگوں کو صرف ادویہ اور ضروری اشیا خریدنے کے لیے گھر سے باہر نکلنے کی اجازت تھی۔