آئی ایم ایف کا کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے پاکستان کو مزید فنڈز دینے پر غور شروع
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے پاکستان کو مزید فنڈز دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے پاکستان کو مزید فنڈز دینے پر غور شروع کر دیا ہے۔
دنيا نيوز کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کے باعث معاشی مشکلات کے بعد مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ پاکستان آئی ایم ایف سے مزید قرض لینے پر غور کر سکتا ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے نے وزیر اعظم عمران خان کے ریلیف پیکیج پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے اقدامات کو بروقت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے پالیسی ریٹ میں کمی کر دی ہے۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کا کہنا ہے کہ بیلنس آف پیمنٹ کے لئے پاکستان نے آئی ایم ایف ایمرجنسی فنڈ کے لئے درخواست دی ہے اور ہماری ٹیم پاکستانی حکام کے ساتھ ایمرجنسی فنڈ کے لئے بات چیت کر رہی ہے۔
آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے پاکستان سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ ادارے کے بورڈ اجلاس میں جلد وزیر اعظم پاکستان کی تجویز کا جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان یہ فنڈ انسداد کورونا اور ریلیف سرگرمیوں کے لئے استعمال کرنا چاہتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ آئی ایم ایف بورڈ اس کی جلد منظوری دے دے گا اور ریلیف اقدامات میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رہے گا۔ موجودہ حالات پاکستانی معیشت کے لئے چیلنج ہیں، امید ہے کہ پاکستان اصلاحات کے ذریعہ معاشی استحکام حاصل کرلے گا۔