درست نتائج نہ بتانےکی وجہ سے ہندوستان نے چینی کورونا ٹیسٹ کِٹس کا آرڈر منسوخ کردیا

ہندوستان نے کورونا وائرس کی فوری تشخیص کرنے والی چینی کِٹس میں نقائص سامنے آنے کے بعد اس کا بڑا آرڈر منسوخ کردیا ہے۔
ہندوستان نے کورونا وائرس کی فوری تشخیص کرنے والی چینی کِٹس میں نقائص سامنے آنے کے بعد اس کا بڑا آرڈر منسوخ کردیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ہندوستان کی جانب سے کورونا کی فوری تشخیص کرنے والی 5 لاکھ کِٹس منگوائی گئی تھیں، تاہم اب یہ آرڈر منسوخ کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہندوستانی حکومت نے مختلف ریاستوں کے اسپتالوں اور لیبارٹریوں میں پہلے سے موجود ایسی کِٹس بھی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ فوری تشخیص کے لیے استعمال ہونے والی یہ کِٹس کورونا وائرس کا پتا نہیں لگاتی ہیں، یہ متاثرہ شخص کے خون میں موجود اینٹی باڈیر کا تعین کرتی ہیں اور انہیں 30 منٹ میں کورونا کے ٹیسٹ کے نتائج حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتاہے۔
بتادیں کہ فوری نتائج والی ان کِٹس کے ذریعے کسی علاقے میں وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال کے بارے میں اندازہ لگانے میں مدد ملتی ہے، تاہم دنیا بھر میں بہت سے ماہرین کورونا کی تشخیص کے لیے اس کے استعمال پر تحفظات ظاہر کرچکے ہیں۔
چین کی جانب سے ہندوستان کے اس دعوے کی تردید کی گئی ہے جس کے مطابق چینی کِٹس میں خرابیاں ہیں۔
نئی دہلی میں چینی سفارت خانے کے ترجمان کا کہنا ہےکہ چین سے برآمد کیے جانے والے طبی آلات اور سامان کے معیار کو خاص اہمیت دی جاتی ہے اور چینی مصنوعات کو ناقص اور خراب کہنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف اور غیر ذمہ دارانہ ہے جس سے تعصب بھی ظاہر ہوتا ہے۔