ہندوستان: آندھرا پردیش میں کیمیکل پلانٹ سے زہریلی گیس کا اخراج، 8 افراد ہلاک اور 1000 سے زائد بیمار

وشاکھاپٹنم کے آر ایس وینکٹپرم گاؤں میں ایل جی پولیمر انڈسٹری پلانٹ میں کیمیکل گیس کے اخراج سے 8 افراد کی موت ہوگئی ہے، وہیں اس زہریلی گیس سے 1000 سے زائد افراد بیمار ہوچکے ہی
آندھرا پردیش میں ایک کیمیکل پلانٹ سے زہریلی گیس کے اخراج کی اطلاع ہے۔ وشاکھاپٹنم کے آر ایس وینکٹپرم گاؤں میں ایل جی پولیمر انڈسٹری پلانٹ میں کیمیکل گیس کے اخراج سے 8 افراد کی موت ہوگئی ہے، وہیں اس زہریلی گیس سے 1000 سے زائد افراد بیمار ہوچکے ہیں۔ گیس کے اخراج کے بعد پورے علاقے کو خالی کرایا جارہا ہے۔ حالانکہ آندھرا پردیش کے ڈی جی پی گوتم سوانگ نے زہریلی گیس کے اخراج سے 6 افراد کی موت کی تصدیق کی ہے، مگر غیر مصدقہ اطلاعات میں 8 اموات کے بارے میں بتایا جارہا ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق لوگوں کو گیس کے اخراج کے سبب آنکھوں میں جلن اور سانس کی شکایت کے بعد اسپتال لے جایا جارہا ہے۔ پولیس اور فائر بریگیڈ کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ بہت سے لوگوں کو اسپتال داخل کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ گوپالپٹنم میں ایل جی پولیمرز لمیٹڈ کے قریب صبح تین بجے کے قریب یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب آس پاس کی کالونیوں کے لوگ سو رہے تھے۔