ہندوستانى اداکار رشی کپور انتقال کرگئے

ہندوستانى میڈیا کے مطابق رشی کپور طویل عرصے سے بیمار اور امریکہ میں زیر علاج تھے، گذشتہ روز طبعیت خراب ہونے اور سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، معروف ہندوستانى اداکار رشی کپور کی وفات کی اطلاع ان کے بھائی رندھیر کپور نے دی ہ
ہندوستانى فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار رشی کپور انتقال کرگئے ہیں۔
ہندوستانى میڈیا کے مطابق رشی کپور طویل عرصے سے بیمار اور امریکہ میں زیر علاج تھے، گذشتہ روز طبعیت خراب ہونے اور سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، معروف ہندوستانى اداکار رشی کپور کی وفات کی اطلاع ان کے بھائی رندھیر کپور نے دی ہے۔
اب تک نيوز کے مطابق دو ہزار اٹھارہ میں رشی کپور میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، نیو یارک میں زیر علاج رہنے کے بعد وہ ستمبر دو ہزار انیس میں ہندوستان واپس پہنچے تھے، کینسر کے علاوہ رشی کپور سانس کے مرض میں بھی مبتلا تھے۔
رشی کپور بالی وڈ کے مشہور کپور خاندان سے تعلق رکھتے تھے، وہ ماضی کے معروف اداکار، ہدایت کار اور پروڈیوسر راج کپور کے دوسرے بیٹے تھے، ان کے چار بھائی بہن رندھیر کپور، ریتو نندا، رما جین اور راجیو کپور ہیں۔
انیس سو تہتر میں فلم بوبی سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے رشی کپور نے آخری بار عمران ہاشمی کے ساتھ فلم ’دی باڈی‘ میں کام کیا تھا، اس کے علاوہ اداکار رشی کپور نے 150 سے زائد ہندوستانی فلموں میں کام کیا تھا، اُن کی بہترین فلموں میں بوبی، چاندنی، امر اکبر انتھونی، لیلیٰ مجنوں، حنا، بول، یہ وعدہ رہا، ہم کسی سے کم نہیں، بدلتے رشتے، عجوبہ وغیرہ شامل ہیں۔