ہندوستانی گلوکارہ کے خلاف کورونا وائرس پھیلانے کے الزام میں مقدمہ درج
بے بی ڈول میں سونے دی اور چٹیاں کلائیاں جیسے شہرہ آفاق گانے گانے والی معروف انڈین پلے بیک سنگر کانیکا کپور کورونا کا مثبت ٹیسٹ آنے کے بعد ایک نئی مصیبت میں پھنس گئی ہیں۔
بے بی ڈول میں سونے دی اور چٹیاں کلائیاں جیسے شہرہ آفاق گانے گانے والی معروف انڈین پلے بیک سنگر کانیکا کپور کورونا کا مثبت ٹیسٹ آنے کے بعد ایک نئی مصیبت میں پھنس گئی ہیں۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق لکھنؤ کے چیف میڈیکل آفیسر نریندر کمار اگروال نے گلوکارہ کے خلاف تھانہ سروجنی نگر میں جمعے کی رات ایک ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
ایف آئی آر انڈین پینل کوڈ کے آرٹیکل ایک سو اٹھاسی، دو سو انہتر اور دو سو ستر کے تحت درج کرائی گئی ہے۔ ان دفعات میں کانیکا کپور پر غفلت برتنے، خطرناک بیماری چھپانے اور عوام کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
وسطی لکھنؤ کے ڈپٹی کمشنر پولیس نے کانیکا کپور کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گلوکارہ کے خلاف انہی الزامات کے تحت مزید دو ایف آئی آرز بھی درج کر لی گئی ہیں۔
وسطی لکھنؤ کے ڈپٹی کمشنر پولیس کے مطابق ایک ایف آئی آر تھانہ حضرت گنج اور دوسری گومتی نگر کے تھانے میں درج کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کانیکا کپور کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد قرنطینہ میں ہیں۔ وہ حال ہی میں برطانیہ کا دورہ کر کے لوٹی ہیں۔ گلوکارہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی بیماری کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ وہ ٹھیک ہیں، کیونکہ یہ وائرس عام نزلے اور بخار جیسا ہے۔