خلیجی ممالک میں 90 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے منتظر

پاکستان کی وفاقی وزارت برائے سمندر پار کی جانب سے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق سات خلیجی ممالک میں لگ بھگ 90 ہزار پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں۔
پاکستان کی وفاقی وزارت برائے سمندر پار کی جانب سے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق سات خلیجی ممالک میں لگ بھگ 90 ہزار پاکستانی وطن واپسی کے منتظر ہیں۔
بی بی سی کے مطابق وزارت کے ترجمان ریاض انور نے ذرائع کو بتایا ہے کہ ان 90 ہزار پاکستانیوں میں 20 ہزار سے زائد ایسے پاکستانی ہیں جنہیں ملازمتوں سے فراغت کا پروانہ مل چکا ہے تاہم فضائی راستے بند ہونے کے باعث وہ وطن واپس نہیں پہنچ پا رہے ہیں۔
ترجمان کے مطابق سعودی عرب میں 17 پاکستانیوں کی میتیں بھی موجود ہیں جنہیں جلد پاکستان واپس لایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ان 17 پاکستانیوں کی موت کورونا وائرس سے نہیں ہوئی ہے بلکہ دیگر وجوہات کی بنیاد پر ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ وزارت کی جانب سے فراہم کردہ اعداد وشمار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کل 71570 پاکستانی پھنسے ہوئے ہیں جن میں سے 17743 پاکستانی وہ ہیں جنہیں ان کی ملازمتوں سے فارغ کر دیا گیا ہے، دیگر 53827 پاکستانی وہ ہیں جن کے یا تو ویزوں کی معیاد ختم ہو چکی ہے یا انہیں ان کے دفاتر سے تنخواہ کے ساتھ یا اس کے بغیر ہی چھٹی دے دی گئی ہے، اسی طرح جیلوں سے رہا ہونے والے قیدی یا ایسے پاکستانی بھی ہیں جو طبی وجوہات کی بنا پر وطن واپس آنا چاہتے ہیں۔