سندھ میں پابندیوں کے نئے احکامات جاری
محکمہ داخلہ سندھ نے وبائی امراض ایکٹ کے تحت پابندیوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق جمعے کے روز تمام کاروبار اور عوامی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔
محکمہ داخلہ سندھ نے وبائی امراض ایکٹ کے تحت پابندیوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق جمعے کے روز تمام کاروبار اور عوامی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ جمعے کے روز دوپہر بارہ بجے سے تین بجے تک کسی قسم کی کوئی سرگرمی نہیں ہوگی، مساجد میں تین سے پانچ افراد باجماعت نماز ادا کر سکیں گے جبکہ دیگر افراد گھروں میں نماز ادا کریں گے، نماز جنازہ اور تدفین کے علاوہ ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی ہوگی۔
اے آر وائی کے مطابق نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی، سندھ میں تمام انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سروس بھی بند رہے گی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کی نقل وحرکت ممنوع ہوگی۔
سندھ میں لاک ڈاؤن کے۔تحت پابندیوں کا نیا حکم نامہ بھی جاری کیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کے دوران نماز جنازہ اور تدفین کے لئے علاقہ ایس ایچ او کو آگاہ کرنا ہوگا، تجہیز وتکفین میں صرف خاندان کے افراد شریک ہوں گے۔
اسی طرح کلبس، ہوٹل، الیکٹرانکس مارکیٹ اور شو رومز 14اپریل تک بند رہیں گے، مزارات پر اجتماعات، سینما گھر، تفریحی مقامات پر آمد ورفت 14 اپریل تک ممنوع ہوگی، تمام کاروبار لاک ڈاون کی پابندیوں کےتحت بند رہیں گے۔
سندھ حکومت نےصوبے میں لاک ڈاؤن میں توسیع کا نوٹیفکیشن بھی جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ صوبے بھر میں 14 اپریل تک لاک ڈاؤن ہوگا اور 15 اپریل کو کورونا سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔