پاکستان: عالمی سطح پر طلب میں کمی کے باعث ملکی برآمدات میں 54 فیصد کمی

کورونا وائرس وبا کے عالمی معیشت پر اثرات پڑنے سے بہت سے آرڈرز منسوخ اور مؤخر ہوگئے ہیں جس سے ملکی برآمدات اپریل میں 54 فیصد کم ہوئی۔
کورونا وائرس وبا کے عالمی معیشت پر اثرات پڑنے سے بہت سے آرڈرز منسوخ اور مؤخر ہوگئے ہیں جس سے ملکی برآمدات اپریل میں 54 فیصد کم ہو کر 95 کروڑ 70 لاکھ ڈالر پر آگئی ہے جو ایک سال قبل 2 ارب 8 کروڑ ڈالر کی سطح پر تھی۔
ڈان اخبار کے مطابق پاکستانی ادارہ شماریات سے جاری اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستانی برآمدی اشیا کی سب سے اہم مارکیٹس شمالی امریکہ اور یورپی ممالک میں عالمی معیشت کی سست روی کے اثرات سے اپریل میں ملک کی مجموعی برآمدات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ برآمدات میں کمی کی توقع تھی کیوں کہ وبا کے تناظر میں طلب کم ہونے کے باعث صرف چند خریداروں نے مقامی مینوفیکچررز کے ساتھ اپنے وعدوں کا پاس رکھا۔
اس کے مقابلے میں مارچ کے مہینے میں کورونا وائرس کے اثرات واضح طور پر کم تھے اور اس دوران برآمدات سالانہ بنیاد پر 8.46 فیصد کم ہو کر ایک ہزار 80 ارب ڈالر تک گر گئی تھی۔
برآمدات میں اچانک اتنی کمی کی ایک وجہ شپنگ کے راستوں کی بندش بھی ہے کیوں کہ بندرگاہوں پر کنٹینرز کی آمد بھی اپریل میں 27 فیصد کم رہی ہے۔
واضح رہے کہ کوویڈ 19 وبا سے قبل حکومت نے رواں مالی سال کے دوران برآمدات 26 ارب 18 کروڑ 70 لاکھ ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ لگایا تھا جو گزشتہ برس 24 ارب 65 کروڑ 60 لاکھ روپے تھی۔
aXA6IDQ0LjIwMC4xMTcuMTY2IA== ejasoft island