پاکستان: بجٹ میں امیر لوگوں پر کورونا ٹیکس لگانے کی تجویز زیر غور

فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے آئندہ بجٹ میں امیر افراد پر کورونا ٹیکس عائد کرنے پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) نے آئندہ بجٹ میں امیر افراد پر کورونا ٹیکس عائد کرنے پر غور کرنا شروع کر دیا ہے۔
ایف بی آر کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے دی نیوز کو اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دنیا کے بیشتر ممالک کی طرح کورونا ٹیکس زیر غور ہے، یہ ٹیکس امیر افراد پر عائد کیا جائے گا تاکہ کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے لئے آمدنی میں اضافہ کیا جا سکے اور غریبوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ اس طرح کی ایک تجویز زیر غور ہے کہ زیادہ آمدنی والے تمام افراد پر سپر کورونا ٹیکس عائد کیا جائے، اس میں تنخواہ دار اور غیر تنخواہ دار افراد شامل ہوں گے۔
تاہم ایف بی آر کے ایک اعلیٰ عہدیدار کا کہنا تھا کہ ایف بی آر آئندہ بجٹ تک 51 کھرب روپے کا ٹیکس ہدف حاصل کرنا چاہتا ہے، ایسا اسی صورت میں ممکن ہوگا جب آئندہ مالی سال کے آغاز سے ہی معاشی سرگرمیاں مکمل طور پر بحال ہو جائیں، اگر کورونا وائرس طول اختیار کرتا ہے تو پھر دولت ٹیکس کی طرز پر کورونا ٹیکس کی تجویز زیر غور لائی جائے گی تاکہ امیر افراد پر عارضی طور پر یہ ٹیکس عائد کیا جا سکے۔