پاکستان: کراچی کی گنجان آبادیوں میں کورونا وائرس کے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کا اہم بیان
پاکستان کے صوبۂ سندھ کے وزیر اعلیٰ نے کراچی کی گنجان آبادیوں میں کورونا وائرس کے حوالے سے ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔
پاکستان کے صوبۂ سندھ کے وزیر اعلیٰ نے کراچی کی گنجان آبادیوں میں کورونا وائرس کے حوالے سے ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔
سچ نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کے بڑھتے کیسوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں آج سب سے زیادہ کیس سامنے آئے ہیں جس میں زیادہ تعداد کراچی کی ہے۔
اپنے ویڈیو بیان میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی سے کورونا کے زیادہ کیس سامنے آنا باعث تشویش ہے اور ہمیں اس لاک ڈاؤن کی چھتری کو ہر صورت میں سنبھالنا ہوگا۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق آج سندھ میں 320 نئے کیس آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 3373 ہو گئی ہے اور ملک میں کیسوں کی تعداد 10ہزار ہو گئی ہے۔ یاد رہے کہ صوبے میں مزید 3 مریض انتقال کر گئے ہیں جس کے بعد اموات کی کل تعداد 69 ہو گئی ہے۔
مراد علی شاہ نے بتایا ہے کہ کراچی ضلع جنوبی میں 79 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وہاں مریضوں کی تعداد 578 ہو گئی ہے جبکہ ضلع شرقی سے 42 نئے کیس سامنے آنے کے بعد تعداد 468 ہو گئی ہے اور ان میں سے 448 کیس مقامی منتقلی کے ہیں۔