پاکستان: کورونا وائرس کی وبائی صورتحال میں استحکام پیدا ہونے کی امید

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ لگ رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس کی صورتحال میں استحکام پیدا ہونے کی امید ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ لگ رہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کورونا وائرس کی صورتحال میں استحکام پیدا ہونے کی امید ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق اسلام آباد میں وبائی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ پاکستان میں 80 فیصد سے زائد اب مقامی سطح کے کیسز ہیں اور ٹیسٹ کی تعداد کو بڑھایا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے واضح کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 6 ہزار 218 ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ اس وقت پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہزار 723 ہوگئی ہے۔
معاون خصوصی نے مزید کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو چند ہزار ایڈریس دیئے گئے ہیں، کیونکہ ان افراد پر کورونا میں مبتلا ہونے کا شبہ ہے، صوبائی حکومتیں ان افراد کے کورونا ٹیسٹ کرائیں گی۔
انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ حضرات مساجد میں جانے سے اجتناب کریں۔ پاکستان میں 80 فیصد سے زائد اب مقامی سطح پر کیسز ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کے باعث 269 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، 49 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ دو ہزار 866 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
معاون خصوصی نے یہ بھی بتایا ہے کہ پاکستان میں ایک لاکھ 44 ہزار سے زائد ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ پچھلے چوبیس گھنٹے میں 783 مریضوں کے ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔ یاد رہے کہ پنجاب میں سب سے زیادہ 332 کیسوں کا اضافہ ہوا ہے۔ ڈاکٹر مرزا نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں کچھ استحکام پیدا ہو گا۔