پاکستان: سحر و افطار اور نماز تراویح کے دوران بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا فیصلہ
پاور ڈویژن نے فیصلہ کیا ہے کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیاں ماہ رمضان میں سحری، افطاری اور تراویح کے دوران تمام صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رکھیں گی۔
پاور ڈویژن نے فیصلہ کیا ہے کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیاں ماہ رمضان میں سحری، افطاری اور تراویح کے دوران تمام صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی جاری رکھیں گی، یہ فیصلہ سیکرٹری پاور عرفان علی کی سربراہی میں گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں کیا گیا ہے، جس میں تمام پاور کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسروں سمیت ایم ڈی، این ٹی ڈی سی، جنرل منیجر، این پی سی سی، ایم ڈی پیپکو کے علاوہ پاور ڈویژن کے اعلیٰ افسروں نے ویڈیو کانفرس کے ذریعے شرکت کی ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ صنعتی صارفین جو کہ حکومتی پالیسی کے تحت کورونا وائرس کے باوجود آپریٹ کر رہے ہیں ان کو بھی بلاتعطل بجلی فراہمی جاری رہے گی۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کی تمام تقسیم کار کمپنیاں، پیپکو اور پاور ڈویژن کے تمام کنٹرول روم عوامی شکایات کو جلد سے جلد دور کرنے کو یقینی بنائیں گے۔ بغیر شیڈول لوڈشیڈنگ پر بھی سختی سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، تمام کمپنیوں کے پاس ٹرانسفارمز کی فراہمی اور دیگر آلات کا بھی جائزہ لیا گیا ہے اور اس پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔