پاکستان: سزا کے خلاف اپیل کے جلد فیصلے کے لئے پالیسی کا مسودہ تیار

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سزا کے خلاف اپیل کے جلد فیصلے کے لئے پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا ہے۔ مجوزہ پالیسی کے تحت 90 دن کے اندر اپیلوں پر فیصلہ ہوسکے گا، وکیل کی عدم حاضری سے بھی کیس التوا کا شکار نہیں ہوسکے گا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی نئی مجوزہ پالیسی کے تحت اپیل دائر ہونے کے بعد ایک ہفتے میں سماعت کے لئے مقرر کی جائے گی۔ رجسٹرار آفس فریقین کو نوٹس بھجوائے گا جس کی 10 روز میں تعمیل کرائی جائے گی۔
سماء نيوز کے مطابق ہائیکورٹ کا رجسٹرار آفس ماتحت عدالت سے کیس کا تمام ریکارڈ طلب کرکے 15 روز میں پیپربک تیار کرائے گا۔ فریقین کیس کی پیروی کے لئے عدالتی نوٹس ملنے کے بعد اپنے تحریری دلائل ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کو بذریعہ ای میل بھجوا سکیں گے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت داخلہ سمیت دیگر فریقین سے بھی تجاویز طلب کر رکھی ہیں جس کے موصول ہونے کے بعد پالیسی کو حتمی شکل دی جائے گی۔