پاکستان: حکومت کا کورونا وائرس کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کے معاملے پر قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کے معاملے پر سید فخرامام کی زیر صدارت خصوصی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں نے شرکت کی۔
اجلاس میں قومی اسمبلی کا اجلاس 11 مئی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو پیر کو تین بجے شروع ہوگا۔
دوسری جانب پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ پیرکو 3 بجے پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس ایک دن کے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ طے ہوا کہ اس اجلاس میں کورم کی نشاندہی نہیں کی جائے گی اور اجلاس کو کورونا وبا تک محدود رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ ملک میں کورونا سے اموات اور متاثرہ کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ ملک بھر میں کورونا سے اب تک 500 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے 21 ہزار سے زائد ہے۔