پاکستان: موجودہ حالات میں یکم جون سے اسکول کھولنا ناممکن

پاکستان کے صوبۂ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کے باعث ہمیں یکم جون سے اسکول کھولنا ناممکن نظر آرہا ہے۔
پاکستان کے صوبۂ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات کے باعث ہمیں یکم جون سے اسکول کھولنا ناممکن نظر آرہا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ پہلی جون سے اسکول کھولنے کا اعلان کیا گيا تھا لیکن موجودہ حالات میں اسکول کھولنا ممکن نظر نہیں آرہا ہے۔ اس حوالے سے چند دنوں میں ایجوکیشن کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا جس میں اعلان کریں گے کہ اسکول کھولنا ممکن ہے یا نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق سعید غنی نے کہا ہے کہ میرا اندازہ ہے کہ جو حالات ہمیں نظر آرہے ہیں شاید یکم جون سے اسکول کھولنا ممکن نہ ہو۔
سعید غنی نے مزید کہا ہے کہ جب لاک ڈاؤن کا سلسلہ شروع ہوا تھا تو اس وقت وزیر اعلیٰ سندھ نے پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ جو لوگ کسی فیکٹری میں ملازم ہیں انہیں اس لاک ڈاؤن کے دوران بھی تنخواہیں دی جائیں گی اور کسی کو بھی ملازمت سے نہیں نکالا جائے گا۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ اسی طرح محکمۂ تعلیم کے حوالے سے بھی کہا گيا تھا کہ تمام نجی اسکولز اپنے ملازمین کو بشمول اساتذہ پوری تنخواہ دیں گے اس میں کوئی کٹوتی نہیں کی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ انہیں ملازمت سے بھی نہیں نکالیں گے۔