پاکستان: کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے دی شکست
کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 10وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو باآسانی 10وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
جیو نیوز کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے ہائی وولٹیج میچ میں لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو جیت کے لئے 151رنز کا ہدف دیا تھا، جو اس نے بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا ہے۔
کراچی نے 151 رنز کا ہدف 17.1 اوور ز میں حاصل کرلیا، اوپنرز بابر اعظم اور شرجیل خان بالترتیب 69 اور 74 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
قبل ازیں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر قلندرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔
لاہور قلندرز نے اپنی اننگز کا آغاز محتاط انداز میں کیا، اور اس کی پہلی وکٹ 49 رنز پر گری جب فخر زمان 17 رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ان کے بعد کرس لین اور ان فارم بیٹسمین بین ڈنک کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے، اور دونوں بالترتیب 5 اور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
13 ویں اوور میں 90 پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد محمد حفیظ کریز پر آئے، اور انہوں نے تیزی سے رنز بنانے کی کوشش کی، تاہم اس موقع پر کپتان سہیل اختر ارشد اقبال کی گیند پر آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 49 گیندوں پر 68 رنز بنائے۔
اس موقع پر سمت پٹیل بھی 5 رنز بنا کر واپس لوٹ گئے ، اننگز کے اختتام پر محمد حفیظ نے 35 اور ڈیوڈ ویزے نے صرف 5 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔