پاکستان: قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ختم، اسمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی پر گفتگو

وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ختم ہو گیا ہے، 9 مئی کے بعد اسمارٹ لاک ڈاؤن میں نرمی کے حوالے سے گفتگو کی گئی ہے، عمران خان قوم کو فیصلوں سے متعلق آگاہ کریں گے، وزرائے اعلیٰ نے اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی تھی۔

روزنامہ دنیا نیوز کے مطابق ملک بھر میں تجارتی مراکز 10 مئی سے کھولے جانے کا امکان ہے جبکہ اجلاس میں اندرون ملک پروازیں کھولنے کے بارے میں بھی فیصلہ متوقع ہے۔ وزیر اعظم عمران خان این سی سی کے فیصلوں پر قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
دوسری جانب باہمی مشاورت کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے ملک بھر میں 11 مئی سے لاک ڈاؤن میں نرمی، چھوٹی دکانیں، عید کی خرید و فروخت سے متعلق دکانیں، مقامی ٹرانسپورٹ اور اندرون ملک پروازیں کھولنے کی تجاویز منظور کرلی ہیں، تاہم این سی او سی نے تجویز دی ہے کہ اسکولز، شادی ہال، ہوٹل اور بڑے شاپنگ مالز بند رکھے جائیں اور ریلوے سروس بھی فی الحال بحال نہ کی جائے۔
اجلاس میں پائپ ملز، الیکٹریکل کیبلز، اسٹیل، ایلومینیم، برتن سازی کی صنعتیں، سینٹری، پینٹس، ہارڈ ویئر اسٹورز کھولنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ رمضان المبارک کے آخری پندرہ روز میں مذہبی اجتماعات کے لئے قواعد وضوابط میں تبدیلی نہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے سفارش کی ہے کہ اتوار کو مکمل لاک ڈاؤن کیا جائے اور جلسے جلوسوں کی اجازت بالکل نہ دی جائے۔