پاکستان: قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
وزیر اعظم عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے علاوہ اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کورونا کے پھیلاؤ اور اس کے علاج معالجہ کی سہولیات پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے جبکہ چ
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا، خیال رہے کہ اجلاس میں کئی اہم فیصلے کئے جانے کا امکان ہے۔
اب تک نيوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان اجلاس کی صدارت کریں گے، اجلاس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا، اس کے علاوہ اجلاس میں معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کورونا کے پھیلاؤ اور اس کے علاج معالجہ کی سہولیات پر کمیٹی کو بریفنگ دیں گے جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے ٹیسٹنگ کٹس اور دیگر آلات کی درآمد سے متعلق کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پانچ اپریل کے بعد فلائٹ آپریشن بحال کرنے یا نہ کرنے سے متعلق اہم فیصلے بھی زیر بحث آئیں گے، اس کے علاوہ انٹرنیشنل بارڈر کو تجارتی امور کے لئے کھولنے سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے ساتھ ہی تجارتی امور کے لئے قومی شاہراہوں کو کھولنے کے سلسلے میں بھی مشورے کئے جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن میں مزید توسیع یا نرمی سے متعلق اہم فیصلے ہوں گے۔ اس سے قبل صوبائی حکومتیں قومی رابطہ کمیٹی کو اپنے صوبے کی صورت حال، ضروریات اور انتظامات پر بریفنگ دیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعمیراتی صنعت، فوڈ فیکٹریز اور ادویات بنانے والے ادارے کھولنے کے سلسلے میں مشورہ ہوگا جبکہ زرعی آلات کے نقل و حرکت سے متعلق فیصلہ بھی آج کے اجلاس میں شامل کیا گیا ہے۔