پاکستان: قومی کرکٹ اکیڈمی قومی ہائی پرفارمنس سینٹر میں تبدیل
پاکستان کی قومی کرکٹ اکیڈمی کو قومی ہائی پرفارمنس سینٹر میں تبدیل کرنےکا فیصلہ لیا جا چکا ہے۔
پاکستان کی قومی کرکٹ اکیڈمی کو قومی ہائی پرفارمنس سینٹر میں تبدیل کرنےکا فیصلہ لیا جا چکا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اہم ترین پیش رفت کرتے ہوئے قومی کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کو قومی ہائی پرفارمنس سینٹر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق انگلش کرکٹ بورڈ کے سابق ڈائریکٹر ڈیوڈ پارسنس نے پی سی بی کو قومی اکیڈمی کی ری اسٹرکچرنگ کے لئے ایک مفصل پروگرام بناکر دیا ہے جس سے ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ میں فاصلہ کم ہوگا جو کھلاڑی جونیئر سطح پر پاکستانی سسٹم میں داخل ہوگا اس کا ریکارڈ مرتب ہوگا اور پھر وہ سسٹم سے غائب نہیں ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ڈیوڈ پارسنس نے کنسلٹنٹ کی حیثیت سے چند ماہ پہلے لاہور کا دورہ کیا تھا اور ان کی رپورٹ پر قومی اکیڈمی کے ڈھانچے کو تبدیل کر کے آئندہ ماہ این سی اے کو قومی ہائی پرفارمنس سینٹر میں تبدیل کردیا جائے گا۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ڈیوڈ پارسنس ہی ہائی پرفارمنس سینٹر کے نئے سربراہ ہوں گے لیکن نئی تقرریوں کے لئے ان سے مشاورت کی جائے گی اور نئے لوگوں کا تقرر ان کے تجربے اور مہارت کو سامنے رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ عید سے قبل جب تمام درخواستیں مل جائیں گی تو نئے لوگوں کا تقرر کرتے وقت ڈیوڈ پارسنس کو بھی انٹرویو میں شامل کیا جائے گا۔
وسیم خان کا مزید کہنا ہے کہ مئی کے پہلے یا دوسرے ہفتے تک تمام تقرریاں مکمل کرکے پاکستان کرکٹ کے لیے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیں گے۔اسی طرح کے سینٹرز کراچی، ملتان، کوئٹہ، راولپنڈی اور پشاور میں بھی کام کریں گے۔