پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 20 ارب ڈالر کے معاہدے منظور
سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر کے معاہدوں کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی عرب نے پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر کے معاہدوں کی منظوری دے دی ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے بتایا ہے کہ سعودی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ 20 ارب ڈالر کے معاہدوں کی منظوری دے دی ہے۔
سعودی سفیر کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں 8 معاہدوں اور یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط ہوئے تھے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ سعودی کابینہ نے جن ایم او یوز کی منظوری دی ہے ان میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور سرمایہ کاری کی 20 ارب ڈالر مالیت کے منصوبے بھی شامل ہیں۔
سعید المالکی نے بتایا ہے کہ گوادر میں 8 ارب ڈالر کی لاگت سے آئل ریفائنری کا قیام کا منصوبہ شامل ہے جب کہ معدنیات، سعودی اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی میں تکنیکی تعاون کے ایم او یو پر بھی دستخط ہوئے تھے۔
انہوں نے اس طرف بھی اشارہ کیا ہے کہ میٹرولوجی، کھیل، پیٹروکیمیکل سیکٹر اور بجلی کی پیداوار کے شعبوں میں ایم او یو سائن ہوئے تھے۔
سعودی سفیر نے وضاحت کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان آئل، توانائی، متبادل انرجی اور معدنیات کے 4 بڑے معاہدے ہوئے ہیں، آئل ریفائنری کے منصوبے 5 سال، متبادل انرجی میں ونڈ اور سولر کے منصوبے 3 برس میں مکمل ہوں گے۔
انہوں اس بات کا بھی ذکر کیا ہے کہ تمام ایم او یوز پر دستخط سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے موقع پر ہوئے تھے اور سعودی عرب مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
aXA6IDUyLjE0LjIyLjI1MCA= ejasoft island