پاکستان: محکمۀ صحت سندھ کی طرف سے کورونا مریضوں کے لئے نئی ایڈوائزری جاری
پاکستان کے صوبۂ سندھ کے محکمۂ صحت نے کورونا مریضوں کے لئے نئی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
پاکستان کے صوبۂ سندھ کے محکمۂ صحت نے کورونا مریضوں کے لئے نئی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق نئی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے محکمۂ صحت نے کہا ہے کہ مریض کو زبردستی اسپتال یا آئیسولیشن سینٹر منتقل نہیں کیا جا سکتا ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق اس طرح کے عمل مریض اور اہل خانہ کے لئے تکلیف دہ ثابت ہو رہا ہے۔ اسپتال یا آئیسولیشن سینٹر جانا مریض کی صواب دید پر ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ مریض کے لئے بھی لازم ہے ایس او پیز پر ہر صورت میں عمل کریں، عمل نہ کرنے کی صورت میں محکمۂ صحت سختی سے عمل در آمد کو یقینی بنائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے پہلے صوبائی وزیر صحت سندھ عذا پیجو نے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ جو گھر آئسولیشن میں رہنا چاہتا ہے اس کے گھر پولیس نہیں جائے گی اور کسی کے ساتھ زور زبردستی نہیں کی جائے گی۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا ہے کہ جب ٹیسٹ پازیٹیو آئے تو خود آئسولیشن سینٹر چلے جائیں، یہ آپ کا حق ہے کہ آپ کس طرح علاج کرانا چاہتے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور پولیس آپ کے گھروں پر نہیں آئے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نہ زبردستی کر رہے ہیں اور نہ ہی کرنا چاہ رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ اور حکومت آپ کے ساتھ زبردستی نہیں کرے گی، علاج کے سلسلے میں آپ اپنی مرضی چلائیں، لوگ ٹیسٹ اس لئے نہیں کروارہے ہیں کہ انھیں زبردستی آئسولیشن سینٹر لیجائیں گے جو کہ ایسا نہیں ہے، آپ کو علامات ہیں تو خود ٹیسٹ کروالیں۔