پاکستان: وزیر اعظم نے آج وفاقی کابینہ کا اجلاس کیا طلب

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ساڑھے 11 بجے ہوگا۔ اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔
وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ساڑھے 11 بجے ہوگا۔ اجلاس میں 5 نکاتی ایجنڈے پرغور کیا جائے گا۔
سماء نيوز کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ لاک ڈاؤن میں نرمی یا ختم کرنے پر حتمی مشاورت کرے گی۔ وفاقی کابینہ ملکی معاشی و سیاسی صورت حال پر بھی غور کرے گی۔
کابینہ اجلاس میں احساس پروگرام کے تحت ریلیف پیکج میں پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا جب کہ کابینہ چھوٹا کاروبار کے تحت صنعتی اور کمرشل بجلی کنکشن میں رعایت پر بھی بات کرے گی۔
کابینہ کو مقامی طور پر تیار ماسک، سینی ٹائیزرز اور حفاظتی آلات پر بریفنگ دی جائے گی اور وفاقی کابینہ 61 فوڈ، نان فوڈ اشیا کو لازمی سرٹیفکیشن مارک اسکیم میں شامل کرنے کی منظوری دے گی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کابینہ کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔ ملک میں دستیاب نوٹوں پر وارنش کوٹنگ کا خاتمہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ 2 ماہ تک بغیر وارنشنگ کے نوٹ چھاپنے کے لئے سمری کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے، اس کے علاوہ وفاقی کابینہ واپڈا کے ممبر فنانس کی تقرری کی منظوری بھی دے گی۔