پاکستانی نژاد باکسر نے کورونا سے جنگ کے لئے شادی ہال کیا پیش
پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بولٹن میں موجود اپنا شادی ہال کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں استعمال کرنے کے لئے پیش کردیا ہے۔
پاکستان نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے بولٹن میں موجود اپنا شادی ہال کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں استعمال کرنے کے لئے پیش کردیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق 33 سالہ سابق ورلڈ لائٹ ویلٹر ویٹ چیمپئن نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ میں اس بات سے اچھی طرح واقف ہوں کہ عام لوگوں کے لئے اس وقت اسپتال میں بیڈ حاصل کرنا کتنا مشکل ہے، اسی لئے میں اپنی 60 ہزار اسکوائر فٹ پر قائم 4 منزلہ بلڈنگ نیشنل ہیلتھ سروس کو دینے کو تیار ہوں تاکہ وہ کورونا وائرس کے متاثرین کی مدد کر سکیں۔
ذرائع کے مطابق عامر خان نے واضح کیا ہے کہ ان کی یہ عمارت شادی ہال اور ریٹیل آؤٹ لٹ کے لئے استعمال ہونی تھی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پریمیئر لیگ سائیڈ چیلسی نے بھی اپنے اسٹیمفورڈ برج اسٹیڈیم میں موجود ہوٹل میں نیشنل ہیلتھ سروس اسٹاف کو مفت رہائش دینے کی پیشکش کی تھی۔ اس مشکل وقت میں راجر فیڈرر، کرسٹیانورونالڈو اور لیونل میسی سمیت کئی اسپورٹس اسٹارز بھاری عطیات کا اعلان کرچکے ہیں۔