آرٹ
پاکستانی راک اسٹار کا خوبصورت نظم کے ذریعے خواتین کو سلام

یومِ خواتین کے موقع پر پاکستانی راک اسٹار علی ظفر نے بھی خواتین کے لئے ایک خوبصورت نظم لکھی ہے۔
دنیا بھر میں خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے اور اس دن کی مناسبت سے تمام لوگوں کی جانب سے اپنے اپنے انداز میں خواتین کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق یومِ خواتین کے موقع پر پاکستانی راک اسٹار علی ظفر نے بھی خواتین کے لئے ایک خوبصورت نظم لکھی ہے۔
گلوکار واداکار علی ظفر نے اس نظم کو لکھنے کے ساتھ ساتھ اسے پیانو کی دھن کے ساتھ پڑھ کر ایک ویڈیو جاری کی ہے۔
یومِ خواتین پر علی ظفر کی نظم
کھلتی اور روشن صبح کا کومل سا روپ ہو تم
کبھی مدھم مدھم چاندنی، کبھی تیکھی دھوپ ہو تم
تم جو نہیں میرے ساتھ تو میری حیثیت کیا ہے
بتلاؤ تمہارے عشق کی یہ کیفیت کیا ہے؟
اے عورت! تم بے مثل ہو تمہیں پہنچے میرا سلام
میری روح تمہاری سلطنت میرا دل ہے تیرا غلام
خواتین کا عالمی دن منانے کا آغاز کیسے ہوا؟
یاد رہے کہ مرد و خواتین کے مساوی حقوق کے لئے خواتین کی جدوجہد کا آغاز تقریباً ایک صدی پہلے امریکہ کی سرزمین سے ہوا تھا، 1908 میں ہزاروں خواتین صنفی امتیاز کے خلاف اور خواتین کے حق رائے دہی اور مساوی تنخواہوں کے مطالبات لے کر نیویارک کی سڑکوں پر نکل آئی تھیں، جس کے بعد 28 فروری 1909 میں پہلی بار امریکہ میں یوم خواتین منایا گیا تھا۔