روس: کورونا وائرس سے متعلق غلط معلومات پھیلانے والے پر 5 سال کی سزا
روس میں کورونا وائرس کے ایک ہی دن میں نئے 500 کیسز سامنے آنے کے بعد دارالحکومت ماسکو سمیت کئی علاقوں میں لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے
روس میں کورونا وائرس کے ایک ہی دن میں نئے 500 کیسز سامنے آنے کے بعد دارالحکومت ماسکو سمیت کئی علاقوں میں لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جب کہ وبا سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانے والے افراد کے لیے پانچ سال کی سزا بھی متعین کردی گئی ہے۔
ڈان نيوز کے مطابق روس میں 31 مارچ کی صبح تک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 2337 تک جا پہنچی تھی جب کہ وہاں 17 ہلاکتیں بھی ہو چکی تھیں۔
کورونا کے پھیلنے کے باوجود روس میں دیگر ممالک کی طرح لاک ڈاؤن کا نفاذ نہیں کیا گیا تھا، جب کہ 30 مارچ کو بھی صدر ولادی میر پوٹن نے اپنے خطاب میں عوام کو بتایا کہ کورونا وائرس کے حوالے سے حالات قابو میں ہیں۔
تاہم ولادی میر پوٹن کے خطاب کے بعد رات دیر گئے روسی حکام نے تصدیق کی کہ ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نئے 500 کیسز سامنے آئے ہیں۔
دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق روس میں ایک ہی دن میں ریکارڈ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد دارالحکومت ماسکو سمیت کئی علاقوں کی مقامی حکومت نے لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کا حکم دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ماسکو کی مقامی حکومت نے لوگوں کے گھروں سے نکلنے پر پابندی عائد کردی جب کہ صرف ان ہی افراد کو گھروں سے نکلنے کی اجازت دی گئی ہے جو عوامی معاملات کی ملازمتیں کرتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماسکو کی مقامی حکومت نے شہریوں کو قریبی سبزی فروش اور اشیائے خردونوش کی دکانوں تک جانے کی اجازت دے رکھی ہے، تاہم شہریوں کو ضروری کام کے بعد واپس اپنے گھروں تک محدود رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
ماسکو کی شہری حکومت کی جانب سے شہریوں کو گھروں تک محدود رہنے کے احکامات کے مطابق روس کے دیگر 27 علاقوں نے بھی شہریوں پر پابندیاں عائد کردیں اور لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کا حکم دیا گیا۔
aXA6IDQ0LjE5Mi4xMDcuMjU1IA== ejasoft island