ڈبلیو ایچ او: دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسوں کی تعداد 13 لاکھ سے زائد
دنیا کے درجنوں ممالک میں گزشتہ 2 ہفتوں سے زائد وقت سے جاری لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کوئی کمی نہیں دیکھی جا رہی ہے
دنیا کے درجنوں ممالک میں گزشتہ 2 ہفتوں سے زائد وقت سے جاری لاک ڈاؤن کے باوجود کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کوئی کمی نہیں دیکھی جا رہی ہے اور 6 اپریل کی رات تک دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر 13 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔
عالمی ادارۂ صحت اور متعدد عالمی اداروں کی جانب سے بنائے گئے کورونا وائرس کے عالمی آن لائن میپ کے مطابق 6 اپریل تک مریضوں کی تعداد بڑھ کر 13 لاکھ 9 ہزار 439 سے زائد ہوگئی ہے۔
جہاں دنیا بھر میں کورونا کے مریضوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، وہاں دنیا بھر میں اس سے ہلاکتیں بھی جاری ہیں اور 6 اپریل تک دنیا بھر میں ہلاکتوں کی تعداد 72 ہزار 638 سے زائد ہو چکی ہے۔
عالمی میپ کے مطابق دنیا بھر میں بیمار ہونے والے مریضوں میں سے 6 اپریل تک 2 لاکھ 73 ہزار 546 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں اور ان میں سے سب سے زیادہ مریض چین میں 78 ہزار کے قریب صحت یاب ہوچکے ہیں۔
چین میں اب تک متاثرہ افراد کی تعداد 82 ہزار 680 تک پہنچ چکی ہے اور ان میں سے 3300 کے قریب ہلاکتیں بھی ہیں جبکہ 78 ہزار مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور محض ڈھائی سے تین ہزار مریض ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
aXA6IDE4LjIxOS44Ni4xNTUg ejasoft island