عظیم پاکستانی کرکٹرز نوجوان کھلاڑیوں کی آن لائن کوچنگ کریں گے

کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بند ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے اس موقع پر سابق عظیم کھلاڑیوں کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے
کورونا وائرس کے سبب دنیا بھر میں کھیلوں کی سرگرمیاں بند ہیں اور پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے اس موقع پر سابق عظیم کھلاڑیوں کی خدمات سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
پی سی بی نے لاک ڈاؤن کے دوران فارغ نوجوان کرکٹرز کی تربیت کا فیصلہ کیا ہے اور جاوید میانداد اور وسیم اکرم جیسے عظیم پاکستانی کرکٹر نوجوان کھلاڑیوں کی آن لائن کوچنگ کریں گے۔
ڈان نیوز کے مطابق ان کوچنگ سیشنز کا انعقاد پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ نے محکمہ انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز کے ساتھ مل کر کیا ہے جہاں ٹیم مینجمنٹ اس مشکل وقت میں کھلاڑیوں کو کھیل سے جوڑے رکھنے کے لیے منفرد اقدامات کر رہی ہے اور اس کی بدولت نوجوانوں کو عظیم کھلاڑیوں کے تجربات سے بھی سیکھنے کا موقع ملے گا۔
جاوید میانداد اور وسیم اکرم کے ساتھ ساتھ محمد یوسف، معین خان، مشتاق احمد، راشد لطیف، شعیب اختر اور یونس خان بھی کھلاڑیوں کو اپنے تجربات اور کھیل کی باریکیوں سے آگاہ کریں گے اور کسی سیریز یا ٹورنامنٹ کے حوالے سے کھلاڑیوں کو حکمت عملی، تیاریوں اور دیگر اہم امور سے بھی روشناس کریں گے۔
ان سیشنز میں جاوید میانداد، محمد یوسف اور یونس خان تین مختلف سیشنز میں 21 بلے بازوں سے گفتگو کریں گے جبکہ وسیم اکرم اور شعیب اختر 13 فاسٹ باؤلرز کو لیکچر دیں گے۔