سعودی عرب: پاکستان کو کوالالمپور سربراہی اجلاس میں شرکت سے روکنے کی بات بے بنیاد
سعودی عرب نے کوالالمپور سربراہی اجلاس میں پاکستان کو شرکت سے روکنے کے حوالے سے خبروں کی تردید کی ہے۔
سعودی عرب نے کوالالمپور سربراہی اجلاس میں پاکستان کو شرکت سے روکنے کے حوالے سے خبروں کی تردید کی ہے۔
دنيا نيوز کے مطابق سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایسے نہیں ہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو ۔
پاکستان میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو کوالالمپور سربراہی اجلاس میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، ساتھ ہی پاکستان کو سربراہی اجلاس میں شرکت سے روکنے کیلئے کسی قسم کی دھمکی دینے کی بھی تردید کی گئی ہے۔
سعودی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ایسے نہیں ہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو، دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور افہام و تفہیم پر مبنی گہرے تعلقات ہیں، سعودی عرب اور پاکستان کے مابین بیشترعلاقائی، عالمی بالخصوص امت مسلمہ کے معاملات سے متعلق اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب ہمیشہ دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور ساتھ دیا ہے تا کہ پاکستان ایک کامیاب اور مستحکم ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کرسکے۔