2019 کے دوران بھارت اور پاکستان میں سب سے زیادہ نمایاں سیاسی واقعات
2019 کے دوران بھارت اور پاکستان میں سب سے زیادہ نمایاں سیاسی واقعات
نریندر مودی امارات کے اعلی شہری اعزاز 'آرڈر آف زاید' سے سرفراز
ہندوستانى وزیراعظم نریندرمودی کومتحدہ عرب امارات میں ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزاز "آرڈر آف زائد" سے نوازا گیا ہے۔ وزیراعظم مودی کو یہ اعزاز دوطرفہ اسٹراٹیجک تعلقات کوبڑھانے میں اہم کردارادا کرنےکےلئےدیا گیا ہے۔ گزشتہ اپریل میں متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ اسٹراٹیجک تعلقات کو بڑھانے میں اہم کردارادا کرنےکےلئے وزیراعظم مودی کویہ اعلیٰ ترین شہری اعزازسےسرفرازکرنےکا اعلان کیا تھا۔ یہ اعزاز متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زائد بن سلطان آل نہیان کےنام پرہے۔ یہ خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ وزیر اعظم مودی کو خلیج ممالک کے لیڈرکی پیدائش کے موقع پر اس اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
ہندوستان: نریندر مودی دوسری مرتبہ ملک کے وزیر اعظم بنے
23 مئی کو ہونے والے ہندوستانی لوک سبھا کے 17ویں عام انتخابات میں نریندر مودی کی سربراہی میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو کامیابی ملی ہے اور نریندر مودی نے 31 مئی کو دوسری مرتبہ وزارت عظمی کا حلف اٹھایا ہے اور 24 رکنی کابینہ کی بھی تشکیل ہو گئی ہے اور یاد رہے کہ مودی کی حلف برداری تقریب میں 8 ہزار مہمانوں نے شرکت کی ہے۔ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے پڑوسی ملک ہنداستان کے وزیر اعظم نریندر مودی کو فون کر کے دوسری بار ملنے والی کامیابی کی مبارک باد دی ہے۔ خیال رہے کہ عام انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے 303 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے اور بی جے پی کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) نے کُل 350 نشستیں حاصل کی ہے۔
ہندوستان حکومت: کشمیر سے متعلق آرٹیکل 370 ختم
4 اگست كو ہندوستانی آئین کی طرف سے کشمیر کو ملی ہوئی خصوصی ریاست کی حیثیت کو اس طرح ختم کیا گیا ہے کہ ہندوستانی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل راجیہ سبھا میں پیش کیا اور صدر رام ناتھ کووند نے آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ختم کئے جانے کے بل پر دستخط کر دیا اور اس موقع پر مزید یہ بھی کیا گیا کہ وادی کشمیر کو ان دو حصوں میں تقسیم کر دیا گیا جن میں سے ایک حصہ لداخ کہلایا اور اسے ہندوستان کی مرکزی حکومت کی طرف سے کنٹرول کیا جائے گا اور دوسرا حصہ جموں وکشمیر کہلایا اور اس کی الگ اسمبلی ہوگی۔ اس فیصلہ کا مطلب یہ ہوا کہ آرٹیکل 370 کے ذریعہ جموں وکشمیر کو ملے تمام خصوصیتیں ختم کر دی گئیں یعنی جموں کشمیر بھی ہندوستان کی دیگر ریاستوں کی طرح ایک عام ریاست ہو گیا۔
اماراتی اور سعودی وزرائے خارجہ کا پاکستان دورہ
4 ستمبر کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ ایک روزہ دورہ پاکستان کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ سعودی وزیرِ مملکت برائے خارجہ عادل الجبیر اور اماراتی وزیرِ خارجہ عبداللّٰہ بن زاید ایک ہی طیارے سے پاکستان پہنچے ہیں۔ اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پر پاکستانی وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا ہے۔ اس دوران شاہ محمود قریشی نے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ سے غیر رسمی گفتگو بھی کی ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزیرخارجہ نے اپنے دورہ پاکستان کے دوران وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت اعلیٰ حکام سے ملاقات کی ہے اور تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان بات چیت ہوئی ہے۔ خیال رہے کہ اس دورے کا مقصد سیاسی شعبوں میں ہم آہنگی اور تعاون کو مضبوط بنانا ہے ، نیز کشیدگی کو کم کرنے اور ہندوستان اور پاکستان کے مابین امن و سلامتی کی راہ تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کرنا ہے۔
ہندوستان: شہریت ترمیم بل صدر رام ناتھ كووند کی منظوری سے بنا قانون
جمعرات دیر رات 12 ستمبر کو ہندوستان کے صدر رام ناتھ كووند نے شہریت ترمیم بل 2019 کو اپنی منظوری دے دی ہے۔ صدر کے دستخط کے بعد اب یہ بل قانون بن گیا ہے۔ یاد رہے کہ شہریت ترمیم بل 2019 کو بدھ کے دن راجیہ سبھا میں منظور کیا گیا ہے اور لوک سبھا میں یہ بل پہلے ہی پاس ہو چکا ہے۔ اس بل پر صدر كووند کے ذریعہ دستخط کئے جانے کے بعد شہریت قانون 1955 ترمیم ہو گیا ہے۔ اب اس بل کے قانون بن جانے کے بعد 31 دسمبر 2014 تک افغانستان، بنگلہ دیش اور پاکستان سے مذہبی تشدد کے شکار ہوکر ہندوستان آنے والے غیر مسلم پناہ گزیں ہندو، سکھ، بدھسٹ، جین، پارسی اور عیسائی کمیونیٹی کے لوگوں کو ہندوستانی شہریت آسانی سے مل جائے گی۔
کرتارپور راہداری کا افتتاح
9 نومبر کو کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس سے ہندوستانی سکھ بغیر ویزا کے پاکستان میں موجود اپنے مذہبی مقامات کی زیارت کرسکیں گے۔ وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے، اس موقع پر پاکستانی حکومت کے وزراء بھی موجود تھے جبکہ ہندوستانی سابق وزیراعظم من موہن سنگھ ، نوجوت سنگھ سدھو اور ہندوستانی اداکار سنی دیول بھی تقریب میں شریک ہوئےتھے۔ وزیر اعظم عمران خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ سکھ برادری کوگرونانک کی سالگرہ کی مبارکباد دیتاہوں، آج ہم نے نہ صرف اپنی سرحد بلکہ اپنے دل بھی سکھ برادری کے لیے کھول دیے ہیں۔ دوسری طرف ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ انڈیا کے لوگوں کے جذبات سمجھنے اور کرتارپور راہداری کو حقیقت بنانے پر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ خیال رہے کہ بین الاقوامی ممالک امریکہ، جرمنی، برطانیہ اور روس اور اقوام متحدہ کی جانب سے کرتاپور راہداری کھولنے کا خیرمقدم کیا گیا تھا۔
پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سزائے موت کا فیصلہ
منگل کے روز 17 دسمبر کو پاکستان کے سابق صدر پرویز مشرف کو موت کی سزا سنائی گئی ہے. پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کی صدارت میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بینچ نے منگل کو ایسی سزا سنائی ہے. تین رکنی بینچ میں سے دو ججز نے سزائے موت کے فیصلے کی حمایت کی ہے جب کہ ایک جج نے اس سے اختلاف کیا ہے اور خصوصی عدالت کے بینچ نے اکثریت کی بنیاد پر سزائے موت کا یہ فیصلہ سنایا ہے۔ خیال رہے کہ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف پر آئین کے آرٹیکل 6 کو توڑنے کا جرم ثابت ہوا ہے۔