ویمن ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ: انگلینڈ نے پاکستان کو 42رنز سے دی شکست
ویمن ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے دی ہے۔
ویمن ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے دی ہے۔
اے آر وائی کی تفصیلات کے مطابق ویمن ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ گروپ بی کے میچ میں انگلیںڈ نے پاکستان کو 42 رنز سے شکست دے دی ہے۔ 158 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم آخری اوور میں 116 رنز پر آؤٹ ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اوپنر منیبہ 10 رنز اور جویریہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئیں، کپتان بسمہ معروف بھی صرف 4 رنز بنا کر وکٹ گنوا بیٹھیں۔
پاکستان کی صرف عالیہ ریاض انگلش بولرز کے خلاف تھوڑی بہت مزاحمت کرسکیں اور 41 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور انگلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز اسکور بورڈ پر سجائے تھے۔
انگلینڈ کی اننگ کا آغاز بھی اچھا نہ تھا صرف 4 کے اسکور پر پہلی وکٹ ایمی جونز کی گری جو دو رنز بنا کر ڈیانا بیگ کی گیند پر آؤٹ ہوئی تھیں۔
انگلینڈ کی دوسری وکٹ 47 رنز پر گری جب ڈینی ویٹ 16 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔
دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد انگلش کپتان ہیتھر نائٹ نے ٹیم کو سنبھالا اور 62 رنز بنا کر نمایاں رہیں۔
پاکستان کی جانب سے ایمن انور نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ندا ڈار نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ڈیانا بیگ اور عالیہ ریاض کے حصے میں بھی ایک ایک وکٹ آئی۔