لاہور میں چمڑے کے گودام میں آتشزدگی سے 4 افراد جاں بحق
لاہور کے علاقے موچی گیٹ میں چمڑے کے گودام میں آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے ہیں۔ ریسکیو سربراہان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے
لاہور کے علاقے موچی گیٹ میں چمڑے کے گودام میں آگ لگنے سے 4 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہو گئے ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اندرون موچی گیٹ کے علاقے میں چمڑے کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گودام کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ریسکیو سربراہان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے تاہم واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور موچی گیٹ میں آتشزدگی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے اور آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ سربراہان سے رپورٹ طلب کی ہے جبکہ زخمی افراد کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔