پاكستان: لنڈا بازار آتش زدگی میں کروڑوں روپے کا مال راکھ
آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم آتش زدگی کے باعث 100 سے زائد دکانیں، پتھارے اور اسٹال جل گئے ہیں اور کروڑوں روپے کا مال راکھ ہو گیا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 4 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، آتش زدگی کے باع
پنجاب کے شہر گوجرانوالہ کے علاقے شیرانوالہ باغ کے قریب لنڈا بازار میں آگ لگ گئی ہے جس کے باعث کروڑوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل کر راکھ ہو گئے ہیں۔
وقت نيوز کے مطابق آگ لگنے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے تاہم آتش زدگی کے باعث 100 سے زائد دکانیں، پتھارے اور اسٹال جل گئے ہیں اور کروڑوں روپے کا مال راکھ ہو گیا ہے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ 4 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، آتش زدگی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، اس آپریشن میں فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیوں نے حصہ لیا ہے۔
آگ کے باعث دکانوں میں موجود لاکھوں روپے مالیت کے کپڑے اور جوتے جل گئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق آگ بازار کے اوپر گزرنے والی بجلی کی تاروں میں شارٹ سرکٹ ہونے کے باعث لگی ہے۔
رپورٹس کے مطابق قریب موجود بجلی کا ٹرانسفارمر اور بجلی کی تاریں بھی آگ کی لپیٹ میں آ گئی ہیں، متاثرہ لنڈا بازار ریلوے لائن کے دونوں اطراف واقع ہے جس کی وجہ سے ٹرینوں کی آمد و رفت میں بھی مشکلات پیش آرہی ہیں تاہم آتش زدگی کے نتیجے میں معطل ہونے والی ریلوے ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی فش ہاربر میں واقع ایک ہوٹل میں بھی آگ لگ گئی تھی جس کے باعث بھڑکتے شعلوں نے قریب کھڑی لانچوں کو بھی لپیٹ میں لے لیا تھا اور کروڑوں روپے مالیت کی 9 کشتیاں جل کر راکھ ہو گئی تھیں۔