وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے کورونا ریلیف فنڈ کے قیام کا اعلان
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کورونا کے خلاف جنگ کے لیے ریلیف فنڈ اور کورونا وائرس ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کورونا کے خلاف جنگ کے لیے ریلیف فنڈ اور کورونا وائرس ریلیف ٹائیگر فورس کے قیام کا اعلان کردیا ہے۔
قوم سے خطاب میں ان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس ریلیف ٹائیگر فورس کا اعلان کررہا ہوں اور یہ فورس فوج اور انتطامیہ کے ساتھ مل کر وبا کے پھیلاؤ کی صورت میں مقابلہ کرے گی۔ جن علاقوں میں لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا تو یہ فورس خوراک اور آگاہی کی فراہمی میں مدد فراہم کرے گی۔ ینگ ڈاکٹرز، نرسز، طالب علم، انجینیئر اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان اس فورس میں شامل ہوں گے۔ ہم حالات کے مطابق انھیں ہدایات جاری کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کورونا ریلیف اکاؤنٹ کا اعلان کررہا ہوں۔ اس میں جو بھی رقم جمع کروائے گا اس سے کوئی سوال نہیں ہوگا اور کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کروائی گئی رقم ظاہر کرکے ٹیکس میں رعایت حاصل کی جاسکے گی۔ اس فنڈز میں آنے والی رقوم ضرورت پڑنے پر احساس پروگرام میں رجسٹرڈ 1 کروڑو 20 لاکھ افراد کی امداد کے لیے استعمال کی جائے گی۔ اس فنڈ کا آڈٹ ہوگا اور تفصیلات عام کی جائیں گے۔ احساس پروگرام کے فیس بک پیچ کے ذریعے مخیر اور مستحق حضرات کے رابطے کروائے جائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ وبا کے پھیلاؤ کی تیزی کے بارے میں فی الحال کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے اور وزیر اعظم ہاؤس میں ایک ٹیم اس پر کام کررہی ہے اور وہ پانچ دن سے ایک ہفتے کے دوران وبا کے پھیلاؤ کی رفتار کے بارے میں اندازہ لگا لیں گے۔
وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہم نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے 8 ارب ڈالر کے ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے جبکہ امریکہ نے 2000 ارب ڈالر کا پیکج دیا ہے۔ اس موازنے سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ ہمارے پاس وسائل تو نہیں ہیں لیکن ہمارے پاس سب سے بڑی طاقت ایمان اور دوسری بڑی طاقت نوجوان آبادی ہے اور کورونا کی جنگ جیتنے کے لئے ہمیں ان دوطاقتوں کا استعمال کرنا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جو کاروباری ادارے لوگوں کو بے روزگار ہونے سے بچانے کے لیے ملازمتیں ختم نہیں کریں گے انھیں اسٹیٹ بینک کی جانب سے آسان شرائط پر قرض فراہم کیے جائیں گے۔