11 دسمبر پہاڑوں کا عالمی دن
ہر سال کی طرح 11 دسمبر 2019 کو بھی یہ دن "پہاڑوں کا عالمی دن" کے طور پر منایا گیا ہے۔
سال 2019 ختم ہونے والا ہے، یہ برس سائنس وٹیکنالوجی میں بہت سی اہم پیش رفتوں کے باعث یادگار سال رہے گا۔ اپریل 2019 میں سامنے آنے والی بلیک ہول کی واضح تصویریں اور اسپیس ایکس کی خلا کے سفر کی فتوحات قابل ذکر ہیں۔
مگر دوسری طرف دنیا بھر کے سائنسی حلقے پورے سال بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں اور گلوبل وارمنگ کی وجہ سے زمین پر نسل انسانی کو لاحق خطرات کو اجاگر کرتے ہوئے نظر آئے ہیں۔ سال کے اختتام پر مختلف سائنسی میگزین اور تحقیقی اداروں کی جانب سے اگلے سال کے لئے جن بڑے چیلنجوں کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں ان میں ماحولیاتی تبدیلیاں نمبر ایک پر ہیں۔
موجودہ غیر ذمہ دارانہ انسانی سرگرمیوں کی وجہ سے دنیا کے ہر خطے میں بڑے پیمانے پر ماحولیاتی اور موسمی تبدیلیاں واقع ہو چکی ہیں۔ بڑھتے ہوئے عالمی درجۂ حرارت سے انٹارکٹیکا کے گلیشئرز پہلے کی نسبت 5 فیصد تیزی کے ساتھ پگھل رہے ہیں جس سے ساحل سمندر پر آباد بہت سے نئے شہروں کے غرق آب ہونے کے خطرات بڑھ گئے ہیں تو دوسری جانب بارشوں کی کمی اور خشک سالی سے دنیا بھر میں کئی نایاب جھیلیں اور دریا یا تو مکمل طور پر خشک ہو چکے ہیں یا خشک ہونے کے دہانہ پر ہیں۔
نظام قدرت میں یہ بگاڑ صرف سمندروں، دریاؤں، جھیلوں تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ اس نے بلند وبالا پہاڑوں تک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔
زمین کے طول وعرض میں پھیلی ہوئی یہ بلند وبالا چوٹیاں نا صرف انسانی ارتقا میں معاون ثابت ہوتی رہی ہیں بلکہ صدیوں سے انسانوں کو پینے کے لئے صاف پانی فراہم کرنے کا واحد ذریعہ بھی ہیں۔ موسم سرما میں پڑنے والی برف موسم معتدل ہوتے ہی آہستہ آہستہ پگھلتی ہے جس سے دریاؤں میں مسلسل پانی آتا رہتا ہے اس کے ساتھ پہاڑوں سے بہ کر آنے والا یہ پانی زمین کو نم اور زرخیز رکھنے میں مددگار ہوتا ہس مگر 3 سے 4 عشروں میں غیر ذمہ دارانہ انسانی سرگرمیوں سے ان پہاڑی اور چوٹیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے اور اس وقت ہمالیہ سے کیلی فورنیا کے پہاڑی سلسلوں تک صدیوں پرانا پہاڑوں کا موسمی نظام تبدیل ہوچکا ہے۔
انہی تبدیلیوں اور پہاڑی سلسلوں کو لاحق خطرات کو بھانپتے ہوئے ہر سال دنیا بھر میں 11 دسمبر کو پہاڑوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے تاکہ اس حوالے سے عام افراد سے لے کر کوہ پیمائی کے شوقین افراد، پیشہ ور کوہ پیما اور خاص طور پر پہاڑی سلسلوں کے قریب رہنے والی مقامی آبادی میں شعور اور آگہی پیدا کی جا سکے۔
ہر سال کی طرح 11 دسمبر 2019 کو بھی یہ دن "پہاڑوں کا عالمی دن" کے طور پر منایا گیا ہے۔(ڈان نیوز)