ایران: نائب صدر برائے خواتین میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص
ایرانی نائب وزیر صحت کے بعد نائب صدر برائے خواتین و خاندانی امور معصومہ ابتکار میں بھی کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
ایرانی نائب وزیر صحت کے بعد نائب صدر برائے خواتین و خاندانی امور معصومہ ابتکار میں بھی کورونا وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
جیو نیوز کی رپورٹس کے مطابق ایران کی نائب صدر برائے خواتین و خاندانی امور معصومہ ابتکار میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، تاہم ان کی حالت فی الحال زیادہ سنگین نہیں ہے، اور وہ گھر پر ہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایرانی پارلیمانی کمیٹی کے سربراہ مجتبیٰ زولنور بھی کوروناوائرس کا شکار ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ ایران کے نائب وزیر صحت بھی دو روز پہلے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کر چکے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے سامنے آرہے ہیں، اور ایران میں آج 106 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جبکہ مزید 7 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
ایران میں اب تک کورونا وائرس سے 245 افراد متاثر ہوچکے ہیں، جن میں سے 26 افراد موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔