او آئی سی رکن ممالک كى جانب سے كورونا وائرس کےخلاف تعاون بڑھانے پر زور
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ہیلتھ فورم نے اپنے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون کو مزید بڑھائیں۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ہیلتھ فورم نے اپنے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون کو مزید بڑھائیں۔
ڈان نيوز کے مطابق وزرا صحت کی سطح پر او آئی سی اسٹیئرنگ کمیٹی برائے صحت کے ہنگامی ورچوئل اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ ایک بیان میں او آئی سی رکن ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وبائی امراض کا مقابلہ کرنے کے لیے مزید معلومات، تجربات اور صلاحیتوں کا تبادلہ کریں۔
پاکستان کی جانب سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اجلاس میں نمائندگی کی۔
واضح رہے کہ ایران ، ترکی اور پاکستان او آئی سی کے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک ہیں۔
تینوں ممالک میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 17 ہزار تصدیق شدہ کیسز موجود ہیں، جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ ان ممالک میں کمزور نظام صحت کی وجہ سے وائرس تیزی سے پھیل سکتا ہے اور ان ممالک کو وبائی مرض کے معاشرتی اور معاشی بحران کا شدید خطرہ ہے۔
او آئی سی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف نے رکن ممالک سے کہا کہ وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات اٹھائیں۔
انہوں نے ان مشکل اوقات میں عالم اسلام کے عوام کی مدد کے لیے اپنے دستیاب وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے او آئی سی کی تیاری کا اظہار کیا اور اسلامک ڈیولپمنٹ بینک (آئی ایس ڈی بی) اور اسلامی یکجہتی فنڈ کے اقدامات کو سراہا بھی۔