امریکہ: نیویارک میں کورونا وائرس کے سبب 100 سے زائد پاکستانی ہلاک
امریکی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس کے سبب مرنے والے 8 ہزار افراد میں 100 سے زائد پاکستانی بھی شامل ہیں۔
امریکی ریاست نیویارک میں کورونا وائرس کے سبب مرنے والے 8 ہزار افراد میں 100 سے زائد پاکستانی بھی شامل ہیں۔
ڈان نيوز کے مطابق رواں ہفتہ امریکہ کے لیے ہلاکتوں کے لحاظ سے انتہائی مہلک ثابت ہوا اور اس دوران امریکہ بھر میں مرنے والوں کی تعداد تقریباً دگنی ہوگئی، جبکہ مصدقہ مریضوں کی تعداد بھی 5 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
واضح رہے کہ یہ وائرس اب تک دنیا بھر میں تقریباً 17 لاکھ لوگوں کو متاثر کرچکا ہے، جن میں امریکہ کے لوگ زیادہ تعداد میں ہیں اور جہاں اب تک 18 ہزار 693 ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔
اس حوالے سے پاکستانی قونصل جنرل عائشہ علی نے بتایا کہ ہسپتالوں، جنازہ گاہوں اور اہلِ خانہ سے اکٹھی کی گئی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ نیویارک اور نیو جرسی کے علاقوں میں 100 سے زائد پاکستانی اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستانی سفارتخانے کی ترجمان زوبیہ مسعود کا کہنا تھا کہ دیگر ریاستوں میں بھی کچھ پاکستانیوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں اور اس حوالے سے معلومات اکٹھی کررہی ہیں کہ اس وبا نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کو کس طرح متاثر کیا ہے۔
نیویارک سے جاری ہونے والے اعداد و شمار اس بات کو ظاہر کرتے ہیں کہ دیگر نسل کے افراد پر اس وبا کے مہلک اثرات مرتب ہوئے ہیں۔
aXA6IDMuMTYuNTQuNjMg ejasoft island