پاکستان: افغان صدر ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے طالبان قیدی رہا کریں
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر پر زور دیا ہے کہ امن معاہدے کے تحت ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے طالبان قیدیوں کو رہا کریں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان صدر پر زور دیا ہے کہ امن معاہدے کے تحت ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے طالبان قیدیوں کو رہا کریں۔
شاہ محمود قریشی نے امریکہ طالبان امن معاہدے کے بعد افغان حکومت کی جانب سے طالبان قیدیوں کی رہائی سے انکار پر ردعمل میں کہا ہے کہ افغان صدر اشرف غنی ملکی مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے آگے بڑھیں اور طالبان بھی فراخدلی کا مظاہرہ کریں، یہ عمل آسان نہیں ہے لیکن اگر کامیاب نہ ہوا تو نقصان افغانستان اور افغان عوام کا ہوگا، 20 سال کی جنگ سے کچھ حاصل نہیں ہوا اور جنگ کوئی راستہ نہیں ہے، اب فریقین کو ایک دوسرے کے لیے گنجائش پیدا کرنی ہو گی، یہ افغان قیادت سمیت وہاں جتنے دھڑے ہیں سب کی آزمائش ہے کہ وہ آگے بڑھتے ہیں یا پہلے جیسی تنگ نظری کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نیک نیتی سے چاہتا ہے کہ معاملات سدھریں اور افغانستان میں امن و استحکام آئے، امن کے لیے پاکستان کے کردار کو دنیا نے سراہا ہے، اس معاہدے پر اگلا قدم اٹھانا افغانیوں کا کام ہے، افغان جو اقدامات کریں گے پاکستان ان کی حمایت کرے گا، پاکستان ایک سازگار ماحول تو پیدا کر سکتا ہے لیکن افغانستان کے فیصلے نہیں کرسکتا۔
aXA6IDE4LjE4OC4xMjAuMTU5IA== ejasoft island