افغانستان کے صدر: صدر ٹرمپ كى طرف سے افغان قیادت پر اعتماد کا اظہار
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ اُنہیں امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ نے فون کیا اور امن معاہدہ سے متعلق حالیہ پیش رفت کے سلسلہ میں مبارک باد دی ہے۔
افغانستان کے صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ اُنہیں امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ نے فون کیا اور امن معاہدہ سے متعلق حالیہ پیش رفت کے سلسلہ میں مبارک باد دی ہے۔
وی او اے کے مطابق صدر اشرف غنی نے اتوار اور پیر کی درمیانی شب اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ فون پر گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے افغان قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور امن عمل کے اگلے مرحلہ کے لئے افغانستان کی صلاحیت کو سراہا ہے۔
یاد رہے کہ ہفتہ کو طالبان اور امریکہ کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں امن معاہدہ پر دستخط ہوا ہے۔
اس معاہدے کے تحت امریکہ کو آئندہ 14 ماہ میں افغانستان سے مکمل فوجی انخلا کرنا ہے اور اس دوران طالبان اور افغان حکومت کے درمیان بین الافغان مذاکرات ہوں گے۔
اس معاہدہ کے تحت افغان حکومت کی قید میں موجود 5000 طالبان قیدیوں کو رہا کرنا ہے جبکہ طالبان بھی اپنی قید میں موجود لگ بھگ ایک ہزار افغان اہلکاروں کو رہا کرنے کا پابند ہے۔
تاہم اشرف غنی نے اتوار کو پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ افغان حکومت نے 5000 طالبان قیدیوں کی رہائی کا کوئی وعدہ نہیں کیا ہے اور یہ معاملہ خالص ملک کا اندرونی معاملہ ہے۔