پاکستان: نومبر 2019 میں بیرونی سرمایہ کاری 90 کروڑ 41 لاکھ ڈالر
کراچی: اسٹیٹ بینک کے مطابق نومبر 2019 میں بیرونی سرمایہ کاری 90 کروڑ 41 لاکھ ڈالر ہوئی ہے۔
کراچی: اسٹیٹ بینک کے مطابق نومبر 2019 میں بیرونی سرمایہ کاری 90 کروڑ 41 لاکھ ڈالر ہوئی ہے، اسٹیٹ بینک نے فارن کرنسی قرضہ رجسٹریشن کی ذمہ داری بینکوں کو حوالے کر دی ہے۔ اے آر وائی کی تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کے ترجمان نے کہا ہے کہ نومبر 2019 میں بیرونی سرمایہ کاری کا حجم 90 کروڑ 41 لاکھ ڈالر رہا ہے اور براہ راست سرمایہ کاری کا حجم 20 کروڑ ڈالر رہا ہے۔
نومبر میں حکومتی ٹی بلز اور انویسمنٹ بانڈز میں 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے، رواں مالی سال اسٹیٹ بینک کے مطابق جولائی سے نومبر کے دوران 2 ارب ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔ جولائی سے نومبر کے دوران ایک ارب 13 کروڑ ڈالرکی سرمایہ کاری ریکارڈ ہوئی ہے، رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ کے دوران 85 کروڑ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری ہوئی ہے اور اسٹاک مارکیٹ میں ایک کروڑ 95 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک نے فارن کرنسی قرضہ رجسٹریشن کی ذمہ داری بینکوں کے حوالے بھی کر دی ہے، اس ذمہ داری کا مقصد فارن کرنسی قرضوں میں سہولت اور کاروباری ماحول میں بہتری لانا ہے۔ ایک ملین ڈالر سے زیادہ کے قرضوں کو اسٹیٹ بینک کے پاس رجسٹرڈ کرانا ضروری ہوتا تھا اور اسٹیٹ بینک کے مطابق ایک ملین ڈالر تک کے قرضوں سے متعلقہ بینک خود نمٹتے تھے۔
نئی ہدایات کے تحت مالیت سے قطع نظر متعلقہ بینک قرضوں کے رجسٹریشن کریں گے اور ساتھ ہی بینکوں کو یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ فارن کرنسی قرضے متعلقہ قوانین کے مطابق ہیں۔