پاکستان: معروف شخصیات کی طرف سے وزیر اعظم فنڈز میں بھاری رقم عطیہ
پاکستان میں عالمی وبا کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے ریلیف فنڈ کا آغاز کیا ہے۔
پاکستان میں عالمی وبا کورونا کا مقابلہ کرنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان نے ریلیف فنڈ کا آغاز کیا ہے۔ اے آر وائی کے مطابق وزیر اعظم کورونا ریلیف فنڈ کے حوالے سے اے آر وائی نیٹ ورک نے خصوصی نشریات کا اہتمام کیا ہے جس میں اہم شخصیات نے بذریعہ ٹیلی فون شرکت کر کے عطیات دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹیلی تھون کی میزبانی کے فرائض وسیم بادامی، فہد مصطفیٰ اور اقرار الحسن نے انجام دئیے ہیں۔ اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال اور اے آر وائی گروپ کی جانب سے ساڑھے چار کروڑ روپے مالیت کی ٹیسٹنگ کٹس اور سوٹس بھی ریلیف فنڈز میں دی جائیں گی۔
بین الاقوامی شہرت یافتہ معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے بذریعہ ٹیلی فون گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی عوام اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں آگے بڑھ کر عطیات دیں۔
ماہرہ خان نے وزیر اعظم ریلیف فنڈ میں حصہ ڈالنے کا اعلان کرتے ہوئے رقم عطیہ کی ہے، تاہم اداکارہ نے رقم بتانے سے گریز کیا ہے۔
معروف پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے وزیر اعظم فنڈ میں 5 لاکھ روپیہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے اور تمام پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ ہم سب مل کر اس کڑے وقت میں اپنے وطن کو مشکل سے نکالیں گے۔
aXA6IDMuMTM4LjIwNC4yMDgg ejasoft island