امریکہ کی طرف سے مشرق وسطیٰ میں مزید 3 ہزار فوجی تعینات کرنے کا اعلان
امریکہ نے 3 ہزار اضافی فوجیوں کو مشرق وسطیٰ میں بھیجنے کا فیصلہ کرلیاہے۔
امریکہ نے 3 ہزار اضافی فوجیوں کو مشرق وسطیٰ میں بھیجنے کا فیصلہ کرلیاہے۔
اے ایف پی کے مطابق پینٹاگون نے کہا تھا کہ خطے میں امریکی افواج کے لئے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے امریکہ 82 ویں ایئر بورن ڈویژن سے تقریباً 3 ہزار اضافی فوج مشرق وسطیٰ بھیج رہا ہے۔
ڈان نيوز کے مطابق 'امریکی اہلکاروں اور تنصیبات کے خلاف ممکنہ خطرے کے مناسب جواب اور احتیاطی کارروائی کے طور پر فوجی دستوں کو کویت میں تعینات کیا جائے گا'۔
پینٹاگون کے مطابق نئے اضافی فوجی دستے پہلے سے وہاں موجود تقریباً 750 امریکی فوجیوں میں شامل ہوں گے جو رواں ہفتے کے شروع میں کویت بھیجے گئے تھے۔
ياد رہے کہ عام طور پر ایک بریگیڈ میں ساڑھے تین ہزار فوجی شامل ہوتے ہیں۔
امریکی حکام نے ہفتے کے آغاز میں رائٹرز کو بتایا تھا کہ اس خطے میں ہزاروں اضافی فوج بھیجی جاسکتی ہے۔
خیال رہے کہ امریکہ گزشتہ برس مئی سے مشرق وسطیٰ میں پہلے ہی تقریبا 14 ہزار اضافی فوج روانہ کرچکا ہے۔
جون میں بھی امریکہ نے ایران سے جوہری معاہدے کے خاتمے، کشیدگی اور خلیج فارس میں تیل بردار جہازوں پر حملے کے تناظر میں مشرق وسطیٰ میں مزید ایک ہزار فوجیوں کی تعیناتی کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں فوجی دستوں کی تعیناتی کا فیصلہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب امریکہ نے فضائی حملے میں ایران کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کو ہلاک کردیاہے۔