کورونا وائرس: مختلف ممالک نے سفری پابندیاں سخت کرنے کا کیا فیصلہ
کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مختلف ممالک نے سفری پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر مختلف ممالک نے سفری پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کینیڈا نے سیاحتی، وزٹ اور کاروباری ویزے کے ذریعے سفر کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ عمان، یوا ے ای اور ملائیشیا کی جانب سے بھی سیاحتی، کاروباری اور وزٹ ویزے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔
نوائے وقت نیوز کے مطابق 18مارچ سے تاحکم ثانی کینیڈا میں صرف شہری مستقل قیام پذیر یا سفارتی عملہ داخل ہوسکے گا، اس کے علاوہ امریکی شہری مستقل قیام پذیر یا سفارتی عملے کو داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔
17مارچ سے عمان میں تمام شہریت والے مسافروں ماسوائے عمانی یا خلیجی شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کاغذی ویزے کے ذریعے بھی داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ترجمان نے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پاسپورٹ پر صرف ثبت ویزا والے مسافر ہی داخل ہو سکیں گے۔ ان کے مطابق پی آئی اے کی 18 مارچ کو ٹورنٹو جانے والی پرواز کسی وزٹ ویزا والے کو نہیں لے کر جائے گی جبکہ ملائیشیا صرف ملائشین شہریت یا سفارتی اجازت نامہ رکھنے والے ہی سفر کر سکیں گے۔پی آئی اے کی پروازیں معمول کے مطابق جاری ہیں لیکن پابندی والے مسافر نہیں جاسکیں گے، لہذا وہ مسافر جو پابندی سے متاثر ہیں، وہ اپنے ٹکٹ تبدیل کروا لیں۔