ایف اے ٹی ایف کی جانب سے پاکستان کو مزید چار ماہ تک بلیک لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو مزید چار ماہ تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان نے مکمل پلان پر عمل در آمد نہ کیا تو مزید ایکشن لیا جائے گا۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو مزید چار ماہ تک گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ پاکستان نے مکمل پلان پر عمل در آمد نہ کیا تو مزید ایکشن لیا جائے گا۔
سما ٹی وی کے مطابق پیرس میں16 فروری سے جاری ایف اے ٹی ایف ویک میں 205 ممالک اور اداروں کے آٹھ سو نمائندگان نے شرکت کی ہے۔ چھ روزہ اجلاس میں دہشت گردوں کی مالی معاونت کے حوالے سے عالمی سطح پر لیے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ہے۔
اجلاس میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو تسلیم کیا ہے، مگر ساتھ ہی ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد میں ناکامی پر شدید تشویش کا اظہار بھی کیا ہے۔ ایف اے ٹی ایف کے مطابق ایکشن پلان میں موجود تمام ڈیڈ لائنز ختم ہو چکی ہیں۔
ایف اے ٹی ایف کے مطابق پاکستان نے 27 میں سے 14 اقدامات پر عمل کیا ہے۔ اگر جون تک پاکستان نے ایکشن پلان مکمل نہیں کیا تو پاکستان کے خلاف کارروائی ہوگی، جس کے تحت ایف اے ٹی ایف عالمی برادری کو پاکستان کے ساتھ کاروباری معاملات اور لین دین میں ’احتیاط برتنے‘ کی ہدایت جاری کر سکتا ہے۔